ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیر برائے ماہی گیری پرمود مدھوراج کی بھٹکل آمد؛ مہلوک ماہی گیر کے اہل خانہ کو سونپا پانچ لاکھ کا چیک

وزیر برائے ماہی گیری پرمود مدھوراج کی بھٹکل آمد؛ مہلوک ماہی گیر کے اہل خانہ کو سونپا پانچ لاکھ کا چیک

Tue, 16 Aug 2016 13:17:39    S.O. News Service

بھٹکل 16/ اگست (ایس او نیوز) وزیر برائے ماہی گیر پرمود مدھوراج آج منگل کو بھٹکل تشریف لاتے ہوئے مہلوک ماہی گیر منجوناتھ کھاروی کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپئے کا چیک پیش کیا اور گھروالوں سے تعزیت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ  پہلی مرتبہ ماہی گیر کے حادثے میں انتقال کرجانے سے متاثرہ خاندان کو سرکار کی جانب سے پانچ لاکھ روپئے کا چیک دیا جارہا ہے۔ اس سے قبل سرکار کی جانب سے دو لاکھ روپئے کی امداد دی جاتی تھی۔

خیال رہے کہ 3/ اگست کو  آٹھ ماہی گیروں پر مشتمل ایک کشتی بیچ سمندر میں اُلٹ جانے سے ساتھ ماہی گیر قریب آٹھ گھنٹے تک سمندری موجوں سے لڑتے ہوئے رات قریب ایک بجے دوسری بوٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے، جس پر موجود سرینواس کھاروی ان کی مدد کے لئے آگے آئے تھے۔ البتہ ایک ماہی گیر منجوناتھ کھاروی سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا تھا، کافی کوششوں کے بعد 9/ اگست کو منجوناتھ کھاروی کی لاش پڑوسی علاقہ تراسی سمندر سے برآمد ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ 5/ اگست کو وزیر ماہی گیر پرمود مدھوراج بھٹکل تشریف لاتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ اب سرکارکی جانب سے معاوضے کی رقم دو لاکھ سے بڑھا کر پانچ لاکھ کی گئی ہے۔

آج اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمدھوراج نے بتایا کہ تمام کاغذی کاروائیاں صرف دس دن کے اندر مکمل کرکے مہلوک منجوناتھ کھاروی کی بیوہ سومیترا کھاروی کے نام پانچ لاکھ کا چیک پیش کیا گیا ہے تاکہ اس مصیبت زدہ خاندان کی ہرممکن مدد ہوسکے۔

سری نواس کھاروی کی تہنیت: وزیر پرمود مدھوراج نے بعد میں سری نواس کھاروی کی شال اوڑھا کر تہنیت کی اور سات ماہی گیروں کو عین وقت پر بچا کر کنارے تک لانے پر ہمت آفزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہی گیر کو اپنے ساتھی ماہی گیر کی فکر اور خبرداری رکھنی چاہئے اورہر ایک میں دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ ہونا چاہئے۔اس موقع پر وٹھل نائک، وشنو دیواڑیگا سمیت دیگر کافی ذمہ داران موجود تھے۔

 

 


Share: